کابینہ کے اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ہاؤسنگ اورپی ایس ڈی پی کے تحت مختلف منصوبوں کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دیدی

اسلام آباد(صباح نیوز)کابینہ کے اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی)نے ہائوسنگ اورپی ایس ڈی پی کے تحت مختلف منصوبوں کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دیدی ہے۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس  وزیرخزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارکی زیرصدارت منعقدہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا سیدنویدقمر، وفاقی وزیرخرم دستگیرخان، ایم این اے شاہدخاقان عباسی، وزیرمملکت ڈاکٹرعائشہ غوث پاشا، وزیرمملکت مصدق ملک، معاون خصوصی طارق باجوہ، معاون خصوصی طارق محمودپاشا، وفاقی سیکرٹریز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں پنجاب میں جاری مالی سال کے دوران ایس اے پی کے تحت گھروں کی تعمیرکے منصوبہ کیلئے ایک ارب روپے، جاری مالی سال میں رہائشی سکیموں کی تعمیرکیلئے وزارت ہائوسنگ کیلئے 14802.32 ملین روپے، وزارت ہائوسنگ کے 15 ترقیاتی منصوبوں کیلئے 1209.45 ملین روپے، پائیدارترقیاتی اہداف اچیومنٹ پروگرام کی مد میں کابینہ ڈویژن کیلئے 5ارب روپے،

جاری مالی سال میں پی ایس ڈی پی کے تحت پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کی مد میں وزارت توانائی کیلئے 1773 ملین روپے،عالمی بینک کے پراجیکٹ کے تحت وفاقی وزارت تعلیم کیلئے 3.96 ارب روپے، جاری مالی سال میں وزارت انسداد منشیات کیلئے 130 ملین روپے، انسداد منشیات فورس کے آپریشنل اخراجات کیلئے 8 ملین روپے اور جاری مالی سال میں بجٹ شارٹ فال سے نمٹنے کیلئے ریونیو ڈویژن کیلئے 6 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دیدی گئی۔