پی آئی اے کا ملکیتی روز ویلٹ ہوٹل تین سال کی لیز پر نیویارک سٹی ایڈمنسٹریشن کے حوالے

لاہور (صباح نیوز)نیویارک میں واقع پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز(پی آئی اے)کے ملکیتی روز ویلٹ ہوٹل نیویارک سٹی ایڈمنسٹریشن کو 3 سال کی لیز پر دے دیا گیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ روز ویلٹ ہوٹل لینڈ مارکنگ کے خطرے سے باہر نکل آیا ہے، اب ہوٹل کی عمر 100 سال سے زائد ہو گئی، روز ویلٹ ہوٹل کو لیز  پر دینے سے پاکستان کے خزانے میں پیسے آنے لگے ہیں، قیمتی ترین اثاثہ محفوظ کرکے کمائی والی جگہ بنادی گئی ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم سخت پریشان تھے کیونکہ روز ویلٹ ہوٹل کی لینڈ مارکنگ کا خطرہ تھا، معاہدے کے تحت ہوٹل ملازمین کو فارغ کیاجائیگا، 77 باقی رہ جائیں گے، روز ویلٹ ہوٹل کے بکنے کی کہانیاں ختم ہوگئیں،

روزویلٹ ہوٹل کی لیز کے معاہدے سے 220 ملین ڈالر کی آمدنی ہوگی، روز ویلٹ ہوٹل کے 1025 کمروں کو لیز پر دیا گیا ۔ا نہوںنے کہا کہ پہلے سال روز ویلٹ ہوٹل کے کمرے کا کرایہ 202 ڈالر  ہوگا، دوسرے سال 205 اور تیسرے سال ہوٹل کے کمرے کا  کرایہ 210 ڈالر ہوگا، ہوٹل سے آمدنی شروع ہوگئی،18دن میں 600 کمرے بھی دیئے ، اگلے تیس دن میں ہوٹل کے تمام کمرے نیویارک سٹی انتظامیہ کو دیدیں گے، نیویارک سٹی انتظامیہ ہوٹل کے کمروں میں امیگرینٹس کو رکھے گی۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کراچی ،لاہور اور اسلام آباد ائیرپورٹس کی آئوٹ سورسنگ کی جائے گی، سب سے  پہلے اسلام آباد ہوٹل کی آٹ سورسنگ کی جائیگی، دنیا کے بیشتر ائیرپورٹس آئوٹ سورس ہیں ، پاکستان میں آئوٹ سورسنگ کا تجربہ کسی کو نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی حالت بدلنی پڑے گی ، پرائیوٹ سیکٹر کو بیچ میں لانا پڑیگا، پی آئی اے میں کوئی بے روزگار نہیں ہوگا۔