وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم فیزتھری کا آغاز کردیاگیا

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے باصلاحیت طلبا و طالبات کیلئے لیپ ٹاپ اسکیم فیز تھری کا اعلان کیا ہے۔اس سکیم کے تحت ایچ ای سی کی منظور شدہ سرکاری جامعات اور دیگر اعلی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کو جدید اور اعلی معیار کے کمپیوٹرز فراہم کیے جائیں گے۔اہلیت اور قابلیت کے معیار پر پورا اترنے والے ایک لاکھ طلبہ میں ایک آن لائن شفاف کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے یہ کمپیوٹرز تقسیم کیے جائیں گے۔ لیپ ٹاپ حاصل کرنے کے خواہش مند طلبا اپنی درخواستیں30جون تک آن لائن پورٹل ( www.pmyp.gov.pk) پر جمع کرا سکتے ہیں۔اسکیم کا مقصد سائنس، ٹیکنالوجی اور انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم کے معیار میں بہتری لانا ہے۔ یہ پروجیکٹ طلبہ کے کام کی صلاحیت اور استعداد میں خاطر خواہ بہتری لانے میں معاون ثابت ہوگا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اس سے پہلے اسی طرح کے دو پراجیکٹس کامیابی سے مکمل کر چکا ہے۔

ایسے طلبہ جو ایچ ای سی سے منظور شدہ سرکاری یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں اور ان کی تعلیم کا دورانیہ 30 جون 2030 تک ہے وہ لیپ ٹاپ کے لئے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ پانچ سالہ ڈگری پروگرام میں زیر تعلیم طلبہ کے لئے ضروری ہے کہ ان کا داخلہ 30 جون 2018 کے بعد اور 30 جون 2023 سے پہلے ہوا ہو جبکہ چار سالہ پروگرام والوں کا داخلہ 30 جون 2019 کے بعد اور 30جون 2023 سے پہلے ہوا ہو۔ دو سالہ پروگرام والے طلبا کے لیے ضروری ہے کہ ان کا داخلہ 30 جون 2021 کے بعد اور 23 جون 2023 سے پہلے ہوا ہو۔ 3.5,2.5,1.5 سالہ پروگرام والے طلبہ کا داخلہ 31 دسمبر 2019 ,31 دسمبر 2020 اور 31 دسمبر 2021 سے پہلے ہوا ہو جب کہ وہ جبکہ ان کے پروگرام کا اختتام 30 جون 2023 کو ہونا چاہئیے۔  پی ایچ ڈی ایم ایس اور ایم فل کے کے طلبا وطالبات بات جو ہفتہ وار پروگرام میں داخل ہیں، وہ اس سکیم کے لیے اہل نہیں۔

طلبہ کی اہلیت اور ان کے داخلے کا تعین لیپ ٹاپ کی تقسیم کے دن ان کا متعلقہ ادارہ کریگا۔ صرف انہیں طلبا کو کو لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے جو اہلیت پر پورا اتریں گے اور جن کی درخواست آنلاین بروقت جمع ہوگی۔علاوہ ازیں اہلیت کے لیے لازم ہے کہ طلبا نے سمیسٹر سسٹم کے تحت 70فیصد مارکس حاصل کئے ہوں اور سالانہ سسٹم کے تحت 60 فیصد مارکس حاصل کئے ہوں۔ سی جی پی اے اور جی پی اے کی پرسنٹیج سسٹم کے مطابق تشریح،  ایچ ای سی کے وضع کردہ کلیہ کے مطابق ہو گی۔ اہلیت کے معیار پر پورا اترنے والے طلبا کو انکے ادارے اور شعبہ کے لئے مختص کوٹہ کے تحت لیپ ٹاپ دئے جائیں گے۔مزید معلومات اور درخواست داخل کرنے کے لئے  https://laptop.pmyp.gov.pk/ وزٹ کریں۔