اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ(پی کے ایل آئی)ہمیشہ سے میرے دل کے قریب رہا ہے۔ میری تمنا تھی اور ہے کہ یہ شاندار ہسپتال پاکستان کا جان ہاپکنز(Johns Hopkins) بنے اور گردے، جگر کی بیماریوں کے علاج معالجہ کے لیے پی کے ایل آئی پاکستان کی پہچان بن جائے۔
مگر صد افسوس کہ عمران نیازی اور ایک سابق چیف جسٹس نے اس مشن کو اپنی سیاست اور ذاتی مفادات کا نشانہ بنایا اور اس ہسپتال کو بے پناہ نقصان پہنچایا۔ان خیالات کااظہار وزیر اعظم شہبازشریف نے اتوار کے روزٹوئٹر پرجاری اپنے بیان میں کیا۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مگر ہمارے قدم رکنے والے نہیں۔ میرا یقین ہے کہ اللہ تعالی یقینا ان لوگوں کی مدد کرتا ہے جو جذب خدمت سے سرشار ہوں۔پی کے ایل آئی کو ورلڈ کلاس بنانے اور اس کی بحالی کے لیے ہم تمام کوششیں اور توانائیاں صرف کر رہے ہیں۔ گزشتہ روز میرے پی کے ایل آئی کے دورے کا مقصد وہاں بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا ہی جائزہ لینا تھا۔ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ڈاکٹر سعید اختر کی قیادت میں ایک مخلص ٹیم وہاں ہمہ تن مصروف اور مقصد میں مگن ہے جس میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔پی کے ایل آئی ایک مثال ہے، ہم اس مثال کو بے مثال بنائیں گے، انشااللہ!۔