وزیراعظم سے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کے وفد کی ملاقات کی ۔

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم سے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی ۔ وفد نے  متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان کے رکن  شیخ احمد دلموک المکتوم کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر  پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ مختلف شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

 وزیراعظم نے سرمایہ کاروں کے وفد کی پاکستان کی بندرگاہوں اور شپنگ کی صنعت میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔ شیخ احمد دلموک المکتوم نے کہا کہ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے مقصد سے ان کا دو ماہ کی قلیل مدت میں پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔ شیخ احمد دلموک المختوم کا پرائیوٹ آفس متحدہ عرب امارات میں انفراسٹرکچر، توانائی اور زراعت کے شعبوں پر مشتمل کئی نجی کمپنیاں چلا رہا ہے۔

وزیراعظم نے یقین دلایا کہ متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن حکومتی تعاون فراہم کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر برائے بحری امور سید فیصل علی سبزواری، معاونین خصوسی ڈاکٹر جہانزیب خان، طارق فاطمی اور متعلقہ اعلی حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر  حماد عبید ابراہیم سالم الزابی بھی ملاقات میں موجود تھے۔