ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے بلوچستان میں ویمن لیڈرشپ پروگرام کے تحت تربیتی سرگرمیوں کا آغاز

اسلام آباد (صباح نیوز)ایچ ای سی نے بلوچستان میں ویمن لیڈرشپ پروگرام کے تحت تربیتی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا،، 30خواتین  نے  پہلے بیچ میں شرکت کی ہے ۔  ہائیر ایجوکیشن ڈیویلپمنٹ ان پاکستان منصوبے کے تحت بلوچستان میں شعبہ اعلی تعلیم سے منسلک خواتین کے لیے تربیتی پروگرام کے پہلے بیچ کا اغاز کر دیا گیا ہے ۔

ایچ ای سی سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز میں منعقد کردہ پہلے بیچ کے تربیتی پروگرام میں بلوچستان بھر سے 30  خواتین بشمول شعبہ جات کی سربراہان، رجسٹرارز، اور سینئر فیکلٹی اراکین نے شرکت کی۔ قبل ازیں اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کراچی میں ویمن لیڈرشپ پروگرام کے تحت پانچویں بیچزکی تربیت کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے جس سے 120شرکا نے استفادہ کیا۔پروگرام میں اعلی تعلیم میں گورننس، ملازمت کی پالیسیوں، عملی و ذاتی زندگی میں توازن، صنف، جائے کار میں طرزگفتگو، پبلک پروکیورمنٹ کے قواعد، مالی انتظام، او رتزویراتی طرز گفتگو جیسے عنوانات پر سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔

پروگرام کے ذریعے ذاتی و پیشہ ورانہ زندگی میں ترقی کے مواقع اور خواتین کی قیادت کے حوالے سے بہترین بین الاقوامی مشقوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔پروگرام کا آغاز نیشنل اکیڈیمی آف ہائیر ایجوکیشن کی طرف سے منعقد کردہ مشاورتی اجلاسوں اور رانڈٹیبلز کے نتیجے میں عمل میں آیا، جس میں مشاہدہ کیا گیا کہ خواتین کی خاصی کم تعداد جامعات میں لیڈرشپ پوزیشنز تک پہنچ پاتی ہیں۔ ایچ ای سی استعداد کار میں اضافے کے پروگراموں کے ذریعے موجودہ خواتین قائدین مضبوط بنانے اور مستقبل کی خواتین قیادت سامنے لانے کے لیے پرعزم ہے۔پروگرام کی شرکا نے خواتین کے لیے شروع کیے جانے والے ویمن لیڈرشپ پروگرام کو سراہااور کہا کہ یہ پروگرام شعبہ اعلی تعلیم میں خواتین کو مستحکم بنانے اور صنفی امتیاز کو ختم کرنے کے لیے ایک عظیم کاوش ہے۔