اسلام آباد(صباح نیوز)قائد اعظم یونیورسٹی سے پانچ طلباء کو طلبہ تنظیم لسانی کونسل نے دن دیہاڑے اغواء کرلیا،طلباء کو اغوا کرنے کے خلاف اسلامی جمعیت طلبہ نے احتجاج کرتے ہوئے آئی جی پی روڈ بندکر دیا اور پولیس اور انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ طلباء کو جلدبازیاب کرکے لسانی کونسل کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو احتجاج پورے اسلام آباد تک پھیلایا جائے گا، واقعات کے مطابق بدھ کی سہ پہرساڑھے تین بجے قائداعظم یونیورسٹی سے لسانی کونسل نے 5 اسٹوڈنٹس کو اغواء کیا،جو طلباء اغواء کے گئے ان میں لاء کے ساتویں سمسٹر کے طالبعلم اسرار احمد ، پولیٹیکل سائنس پانچویں سمسٹرکے طالبعلم طارق خان،ہسٹری کے پہلے سمسٹر کے طالبعلم طفیل احمد، بی بی اے کے طالبعلم محمد فاروق اور علی شیرشامل ہیں،پورا دن گذرنے کے باوجود پولیس اور انتظامیہ اغواء کئے گئے طلباء کو بازیاب نہ کرا سکی،واقعے کے خلاف اسلامی جمعیت طلبہ نے احتجاج کیا اور آئی جی پی روڈ بند کردیا،اسلامی جمعیت طلبہ اسلام آباد کے ناظم دانیال عبداللہ نے اس موقع پر کہا کہ پولیس کے لئے قائداعظم یونیورسٹی نو گو ایریا بن چکا ہے،پولیس اور انتظامیہ طلباء کو تاحال بازیات کروانے میں ناکام ہوچکی ہیںانہوں نے خبردار کیا کہ اگر انتظامیہ نے طلباء کو جلد بازیاب کرکے لسانی کونسل کے خلاف کارروائی نہ کی تو اسلام آبادکے امن کی ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی اور احتجاج پورے اسلام آباد تک پھیلایا جائے گا