اسٹاف لیول معاہدے سے قبل آئی ایم ایف کے پاکستان سے نئے مطالبات

اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے سے پہلے آئی ایم ایف نے نئے مطالبات سامنے رکھ دئیے۔ پاکستانی حکام کو آئی ایم ایف کو 2023 تک 8 ارب ڈالر قرضوں کی واپسی کے انتظامات پر مطمئن کرنا ہوگا۔

وزارت خزانہ کے مطابق مئی اور جون 2023 کے دوران پاکستان نے تین اشاریہ 7 ارب ڈالر کا بیرونی قرض واپس کرنا ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف نے مزید 2.4 ارب ڈالر کی یقین دہانی مانگ لی، پاکستان کو چین سے مزید 2.4 ارب ڈالر کے قرضوں کی واپسی کے لیے رول اورر یقینی بنانا ہوگا۔ پاکستان نے اس سے قبل چین سے 3 ارب ڈالر کی فنڈنگ کی یقین دہانی کرائی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر کی فنڈنگ کی یقین دہانی کرائی گئی تھی جبکہ متحدہ عرب امارات سے 1 ارب ڈالر کی یقین دہانی کرائی تھی۔ دوسری جانب آئی ایم ایف حکام نے پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی ہدف سے کم جمع ہونے پر بھی عدم اطمینان کردیا۔ وزارت خزانہ کے مطابق 9 ماہ میں 362 ارب 48 کروڑ روپے کی پیٹرولیم لیوی وصول کی گئی جبکہ موجودہ مالی سال پیٹرولیم لیوی کی مد میں مجموعی طور پر 855 ارب روپے وصولی کا ہدف ہے۔