حکومت مختلف شعبوں میں اصلاحات کے ذریعے معیشت کو درست راہ پر گامزن کرنے کیلئے پرعزم ہے اسحاق ڈار

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ چیلنجز کے باوجود حکومت معاشی استحکام اور ترقی کے حصول کے لیے مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کروا کر معیشت کو مثبت سمت پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن، سوئی کمپنیوں اور پی ایس او کے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد اپنی لیکویڈیٹی کو بہتر بنانے کے لیے ضروری کوششیں کریں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی اقتصادی ترقی کو بڑھانے کے لیے توانائی کے شعبے کے ایس او ایزکی لیکویڈیٹی اور کارکردگی کے مسائل کو حل کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ وزیر خزانہ  اسحاق ڈار  نے  ریونیو پالیسیوں میں اصلاحات کے لیے قیمتی تجاویز پیش کرنے کے لیے آر آ ر ایم سی  کی کوششوں کو سراہااسحاق ڈار نے ہفتہ کے روز فنانس ڈویژن میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق پاشا، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پیٹرولیم، آڈیٹر جنرل آف پاکستان، ایم ڈی ایس ایس جی سی ایل، ایس ایز کمپنیوں کے ایم ڈیز اور سی ای اوز، اور فنانس اور پیٹرولیم ڈویژن کے سینئر افسران نے  شرکت کی۔اجلاس میں توانائی کے شعبے میں جاری مسائل کے بارے میں گفتگو کی گئی، اور توانائی کے شعبے میں خاص طور پر گیس کے شعبے میں کیش فلو کو بہتر بنانے کے لیے اصلاحات متعارف کرانے کے لیے قابل عمل تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جبکہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہفتہ کے روز فنانس ڈویژن میں ریفارمز اینڈ ریسورس موبلائزیشن کمیشن  (آ ر آ ر ایم سی)کا اجلاس ہواجس میں آ ر آ رایم سی کے چیئرمین۔ /وزیر مملکت اشفاق یوسف تولہ ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیوطارق محمود پاشا، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر،  فنانس ڈویژن،  ایف بی آر، اور آ ر آ ر ایم سی کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کمیشن کے ارکان کو خوش آمدید کہا اور ملک کی موجودہ اقتصادی اور مالیاتی صورتحال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود حکومت معاشی استحکام اور ترقی کے حصول کے لیے مختلف شعبوں میں اصلاحات متعارف کروا کر معیشت کو مثبت سمت پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔کمیشن کے چیئرمین نے کمیشن کی سفارشات پر مشتمل عبوری رپورٹ وزیر خزانہ کو پیش کی۔

وزیر خزانہ نے ٹیکس کے نظام میں مسائل  کے باوجود چیلنجز تسلیم کرنے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے وسائل کو متحرک کرنے، کاروبار کرنے میں آسانی اور ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے ریونیو پالیسیوں میں اصلاحات کے لیے قیمتی تجاویز پیش کرنے کے لیے آر آ ر ایم سی  کی کوششوں کو سراہا۔اجلاس میں کمیشن کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز پر غور کیا گیا اور تمام  شراکت داروں سے بات چیت کے بعد کاروبار دوست ٹیکس اصلاحات لانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے اصلاحات پر تیزی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے کمیشن کے لیے نیک خواہشات اور مکمل تعاون کا اظہار کیا۔چیئرمین آر آر ایم سی نے اس عمل میں گہری دلچسپی لینے اور جامع اصلاحات کے لیے فراخدلانہ تعاون پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔