غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے،ڈاکٹر عارف علوی

آئی ٹی سیکٹر کی ترقی ملک کی اہم ترجیحات میں شامل ہے،چینی آئی ٹی کمپنیوں کو ان مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے
صدر مملکت کی چینی کمپنی ایزی وے انوویشن ٹیکنالوجی کے وفد سے گفتگو

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ٹی سیکٹر کی ترقی ملک کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، غیر ملکی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو اس اہم شعبے میں سرمایہ کاری سمیت ترقی کے بے پناہ امکانات سے استفادہ کرنا چاہئے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں چینی کمپنی ایزی وے انوویشن ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیاجس نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جو ہانیو کر رہے تھے ۔

صدر مملکت نے کہا کہ اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کاروباری اداروں کے لیے 10 سال کی ٹیکس چھوٹ سمیت مختلف مراعات کی پیشکش کرتی ہے اور چینی آئی ٹی کمپنیوں کو ان مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ چینی وفد کے سربراہ نے صدر مملکت کو مختلف آئی ٹی خدمات اور صنعتی حل فراہم کرنے میں اپنی کمپنی کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایزی وے نے سمارٹ ٹرانسپورٹیشن، سمارٹ لاجسٹکس اور دیگر شعبوں کے لیے مربوط حل اور پیشہ ورانہ سافٹ ویئر ڈیویلپمنٹ فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی کمپنی نے پاکستان کے ریلوے کے لیے ای-ٹکنگ سسٹم تیار کیا ہے جس سے ادارے کی کارکردگی کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔