ای سی سی نے مختلف وزارتوں کے سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دیدی

اسلام آبادا(صباح نیوز)اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی )نے مختلف وزارتوں کے سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دیدی ۔ وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر برائے بجلی خرم دستگیر خان، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے حکومتی اقدامات محمد جہانزیب خان، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت بلال اظہر کیانی، وفاقی سیکرٹریز اور دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

ای سی سی نے وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن) کی سمریوں پر غور کیا اور بھل سیداں ڈویلپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز (D&PL) کی تجدید میں توسیع کی منظوری دی جس میں ضلع اٹک، پنجاب میں واقع 16.41 مربع کلومیٹر کے رقبے پر محیط ہے۔ یکم جنوری 2022 سے 10 اپریل 2024 تک او جی ڈی سی ایل کے حق میں منظوری دیدی ۔ فیلڈ ڈویلپمنٹ پلان (ایف ڈی پی ) کی منظوری اور 8 جون 2022 سے پانچ سال کی مدت کے لئے فاضل ڈسکوری (مبارک بلاک) پر ڈیولپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز (D&PL) کی منظوری دیدی ۔ پاریوالی ڈویلپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز فیلڈ کو پانچ سال کی تجدید کی گرانٹ کی منظوری دی جس کا رقبہ 121.95 مربع فٹ کی منظوری دیدی ۔ منوال ڈویلپمنٹ پر پانچ سال کی تجدید کی گرانٹ کی منظوری دی جو کہ ضلع چکوال، پنجاب میں واقع 18.85 مربع کلومیٹر کے رقبے پر محیط ہے۔

ای سی سی نے درج ذیل تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹس کی منظوری دی۔ 31 جنوری 2023 کو پشاور میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعہ میں شہدا اور زخمیوں کو مالی امداد کے طور پر رقم کی تقسیم کے لئے وزارت داخلہ کی جانب سے 284.5 ملین روپے کی منظوری دی گئی جس میں 84 افراد شہید اور 233 زخمی ہوئے۔ وزارت قومی صحت کے حق میں 67 ملین مالی سال 2022-23 کے لئے پانڈیمک ریسپانس ایفیکٹیونس ان پاکستان اقدام کے تحت آئی ڈی اے قرض کے استعمال کے لیے عالمی بینک کی جانب سے 0.400 ملین ڈالر ، رواں مالی سال 2022-23 میں ایف ایس سی کو درپیش کمی کو پورا کرنے کے لیے وفاقی شرعی عدالت کے لیے وزارت قانون و انصاف کے حق میں 61 ملین روپے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نشوونما پراجیکٹ کے لئے وزارت غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کے حق میں 500 ملین روپے کی منظوری دیدی۔۔