اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی) میں جدید ترین روبوٹک سرجری کے آغاز پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس سہولت کے آغاز پر ڈاکٹرز اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ الحمدللہ پاکستان میں جگر اور گردے کے علاج کا جو بیج بویا تھا اس نے پھل دینا شروع کر دیا ہے، پی کے ایل آئی بنانے کا بنیادی مقصد اہل وطن کو ملک کے اندر ہی جگر اور گردے کے جدید ترین علاج کی سہولت دینا تھا، اس سہولت کے آغاز سے پاکستان میں مریضوں کو جگر اور گردوں کے ورلڈ کلاس علاج کی مقامی سطح پر سہولت میسر آ گئی ہے۔ وزیراعظم نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پی کے ایل آئی پاکستان کا جان ہاپکنز بنے گا۔انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار 2019 میں اپنے بھائی کو زیادہ تنخواہ دلانے کے چکر میں چکر نہ چلاتے تو آج پی کے ایل آئی کہیں آگے ہوتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں گردے اور جگر کے امراض میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، امید ہے پی کے ایل آئی سے ان امراض کو روکنے اور شرح اموات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گردے کے امراض سے وفات پانے والے مریضوں کی تعداد 2.77 فیصد ہے جسے روکنے کے لئے مزید اقدات کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پی کے ایل آئی جیسے سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال اور علاقوں میں بھی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت اداروں اور سیاسی مخالفین کے خلاف روبوٹک ٹیکنالوجی استعمال کرتی رہی، ہم نے یہ ٹیکنالوجی عوام کی بھلائی کے لئے استعمال کی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت کی عالمی سطح کی سہولیات کی پاکستانیوں کو فراہمی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ 2018 میں عوام کی بھلائی کا جو سفر روک دیا گیا تھا، اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اب دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کے لئے جو بھی قیمت ادا کرنی پڑے ادا کروں گا، عوام کی خدمت کا راستہ نہیں چھوڑوں گا۔