وانا (صباح نیوز) جنوبی وزیرستان کے علاقے زرملان میں سکیورٹی آپریشن کے دوران شہید ہونے والے 2 فوجی جوانوں کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق لانس نائیک شعیب علی شہید اور سپاہی رفیع اللہ شہید کی نماز جنازہ جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا اور بعد میں ان کے آبائی قصبوں میں ادا کی گئی اور دونوں شہداء کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
نماز جنازہ میں فوجی افسران و جوانوں سمیت سول حکام، عوام اور شہداء کے لواحقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو کسی بھی قیمت پر ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ ایسی قربانیاں ہی ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔