اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ گزشتہ سال آنیوالے بدترین سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے اقدامات کاسلسلہ جاری ہے، حکومت معیشت کے استحکام کیلئے تمام تراقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے یہ بات آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ایشین انفراسٹرکچر اینڈ انویسٹمنٹ بینک کے صدر جن لی کون سے ورچوئل میٹنگ میں کہی ۔وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، معاون خصوصی طارق محمود پاشا اور اسپیشل سیکریٹری خزانہ نے اسلام آباد سے میٹنگ میں ورچوئل شرکت کی جبکہ امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود احمد خان، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری اقتصادی امورڈویژن واشنگٹن میں ذاتی طور پر اجلاس میں شریک ہوئے ۔
وزیر خزانہ نے ایشین انفراسٹرکچر اینڈ انویسٹمنٹ بینک کے صدر کوملک کے موجودہ معاشی منظرنامے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات سے آگاہ کیا۔وزیر خزانہ نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں فراخدلانہ تعاون پر صدر کا شکریہ ادا کیا۔ ایشین انفراسٹرکچر اینڈ انویسٹمنٹ بینک کے صدر نے پاکستان اور ایشین انفراسٹرکچر اینڈ انویسٹمنٹ بینک کے درمیان تعلقات پراطمینان کااظہارکیا
انہوں نے سماجی ترقی کے لیے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات کو سراہا۔ بینک کے صدر نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبوں اور سرمایہ کاری میں بینک کے کردار پرروشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاکہ بینک پاکستان کے ساتھ معاونت کاسلسلہ جاری رکھیں گا ۔وزیر خزانہ نے ملک کی پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر صدر کا شکریہ ادا کیا۔