الخدمت کے تحت کراچی میں مستحقین میں یومیہ 1500کلو سے زائد گوشت تقسیم

 کراچی/ 14اپریل2023 (پ ر)الخدمت کی ” میٹ ڈرائیو ” کے نام سے شہر میں بڑی سرگرمی جاری ہے اورمستحقین میں یومیہ 1500کلو سے زائد مرغی کا گوشت تقسیم کیا جارہا ہے۔ مرغی کا گوشت کمزوروں اور محتاجوں  کے گھروں تک پہنچایا جارہا ہے اور اس کام کو کرنے میں الخدمت کے رضاکار یکم رمضان ہی سے ہی کوشاں ہیں۔

یہ بات ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز الخدمت کراچی قاضی سید صدرالدین نے”الخدمت میٹ ڈرائیو” کا جائزہ لینے کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت نے گزشتہ برس بھی مہنگائی اور مشکل معاشی صورتحال کے باعث متاثر ہونے والے کمزور طبقے کو 50ہزار کلو سے زائد گوشت تقسیم کیا تھا۔ اس ماہ رمضان میں بھی لوگوں تک گوشت پہنچایا جا رہا ہے اوریہ سلسلہ چا ند رات تک جاری رکھا جائے گا ۔

انہوں نے کہا الخدمت نے گوشت کی تقسیم کا ایک نظام بنایا ہوا ہے ،شہر میں مرکزی میٹ ڈرائیو سینٹر قائم کیا گیا ہے جہاں سے گاڑیوں کے ذریعے گو شت محفوظ طریقے سے شہر کے تمام اضلاع میں منتقل کیا جاتاہے اورالخدمت کے رضاکار یہ گوشت مستحقین تک پہنچاتے ہیں ۔گوشت کی اتنے بڑے پیمانے پر تقسیم کے سلسلہ میں الخدمت کو ایک ادارے کا تعاون حاصل ہیجس کے ساتھ رمضان المبارک سے قبل معاہدے طے پایاتھا ۔گوشت مہنگا ہونے کی وجہ سے اب عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو چکا ہے اورکمزور آدمی اسے خریدنے کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت نے ماہ مقدس میں جہاں لوگوں تک ہزاروں راشن بیگ پہنچائے وہیں شعبہ کمیونٹی سروسز کے تحت اس کے خدمت کے دیگر کام  بھی جاری ہیں۔ قاضی سید صدرالدین نے اہل خیر سے اپیل کی کی وہ کمزوروں ،محتاجوں اور ضرورت مندوں کی مدد کیلئے الخدمت کا ساتھ دیں ۔