سمر قند(صباح نیوز)وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے جمعرات کو ازبکستان کے شہر سمرقند میں ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ ملاقات افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کے چوتھے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور معیشت، توانائی، سلامتی اور علاقائی رابطوں میں پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ دونوں ملکوں کے وزرانے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون میں وسیع گنجائش موجود ہے۔
انہوں نے مختلف ادارہ جاتی میکانزم کے ذریعے نئے شعبوں کی نشاندہی کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ انہوں نے پولان۔گبد/گوادر بجلی ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا جو دونوں ممالک کے سرحدی علاقے کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرے گی۔
وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے سرحدی علاقے کے لوگوں کی سماجی اوراقتصادی ترقی میں اضافہ کے لیے سرحدی بازاروں کو تیز کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے افغانستان سمیت علاقائی اور عالمی اہمیت کے معاملات پر قریبی رابطے میں رہنے کے عزم کا اعادہ کیا