سمر قند(صباح نیوز)وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے سمرقند میں افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے چوتھے اجلاس کے موقع پر ازبکستان کے قائم مقام وزیر خارجہ سیدوف باختیور اودیلووچ سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرا نے ازبکستان اور پاکستان کے درمیان تمام شعبوں میں دوستانہ تعلقات بالخصوص رابطوں، تجارت اور سرمایہ کاری کے علاوہ عوامی روابط پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں فریقین نے پاکستان، ازبکستان اور افغانستان کے درمیان ٹرانس افغان ریلوے منصوبے پر پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل سے علاقائی روابط میں اضافہ ہوگا۔ ملاقات کے موقع دونوں اطراف نے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تبادلوں کی موجودہ رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر اور ازبکستان کے قائم مقام وزیر خارجہ نے ملاقات میں دوطرفہ تجارت کو مزید بڑھانے کے لئے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے(پی ٹی اے) کو جلد فعال کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا