سلامتی کونسل کی پابندیاں انسانی امداد پر لاگو نہیں ہونی چاہئیں، او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کا مشترکہ اعلامیہ


اسلام آباد(صباح نیوز) اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے افغان عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ اسلام آباد میں او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ افغانستان میں صورتحال سے نمٹنے اور امداد کی فراہمی کیلئے گروپ تشکیل دیا جائے گا ۔ غذائی قلت دور کرنے کیلئے فوڈ سیکورٹی کا خصوصی پروگرام شروع کرنے کے ساتھ ساتھ افغانستان کے بارے میں او آئی سی کا خصوصی نمائندہ مقرر کیا جائے گا۔ اجلاس میں طے پایا کہ افغانستان میں امدادی سرگرمیاں بڑھانے کیلئے او آئی سی اور اقوام متحدہ کے اداروں میں شراکت داری بڑھائی جائے گی۔

مشترکہ اعلامیہ افغان عوام کے مسائل میں کمی کیلئے مالیاتی چینلز بحال کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کی پابندیاں انسانی امداد پر لاگو نہیں ہونی چاہئیں۔ او آئی سی سیکرٹری جنرل کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں خوشحالی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اعلامیہ کے مطابق او آئی سی سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم نے کہاکہ اس کانفرنس کے تاریخی اثرات ہوں گے۔

افغان بھائیوں کی امداد کے اعلانا سے امید پیدا ہوئی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ آج افغانستان کیلئے امریکی نمائندہ خصوصی کے مثبت خیالات سنے امید ہے کہ یہ غیر معمولی اجلاس پل کا کردارادا کرے گا ۔ افغانستان میں انسانی المیہ کے حوالے سے شعور بیدار ہوا ہے۔ یہ بات تسلیم کی گئی ہے کہ افغانستان کی خراب صورتحال سے نہ صرف ہمسایہ ممالک بلکہ خطہ بھی متاثر ہوگا۔