زائد اثاثے کیس ،عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 24اپریل تک توسیع


لاہور(صباح نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے زائد اثاثوں کی انکوائری کے کیس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں24اپریل تک توسیع کردی ۔

لاہور کی احتساب عدالت نمبر 4 کے جج سجاد احمد شیخ نے کیس کی سماعت کی۔

دورانِ سماعت فاضل جج نے استفسار کیا کہ 8 بجے کا وقت تھا، ملزم آئے نہ ہی ان کا وکیل پیش ہوا، عدالت آپ کا انتظار کر رہی ہے، یہ کیا طریقہ ہے؟۔ ایسوسی ایٹ وکیل نے جواب دیا کہ عثمان بزدار کورونا میں مبتلا ہیں، انہیں بخار ہے۔فاضل جج نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کو گونگا بہرہ نہ سمجھیں، میں نے میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دے دینا ہے، ڈی جی خان کے ہسپتال سے کورونا کی رپورٹ تیار کرا لی گئی، یہ وہ ہسپتا ل ہے جس کا خود عثمان بزدار نے افتتاح کیا تھا۔

عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر عثمان بزدار پیش ہوں، ورنہ ان کی ضمانت خارج کر دی جائے گی، ان پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں، وہ عدالت میں پیش نہیں ہوتے، ایسے نہیں چلے گا۔عدالت نے  عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 24 اپریل تک توسیع کر دی۔