امریکی ریاست ایریزونا ہوٹل کے باہر نصب 15 فٹ لمبا چمچہ چوری


فینکس(صباح نیوز) امریکی ریاست ایریزونا کے ایک ہوٹل کے باہر نصب 15 فٹ لمبا چمچہ چوری ہو گیا۔

غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایریزونا کے ایک ہوٹل ڈیری کوئن کے باہر نصب پلاسٹک کے 15 فٹ لمبے چمچے کو چوری کیا گیا جس کے بارے میں ہوٹل مالکان کا کہنا ہے کہ چمچے کی چوری سمجھ سے باہر ہے کیونکہ وہ چور کے کسی کام کا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک معمہ ہے چمچہ کیوں چوری کیا گیا کیونکہ وہ صرف شو پیس ہی ہے؟ یہ چمچہ ساڑھے 4 میٹر لمبا ہے جسے سیدھا رکھتے ہوئے ہوٹل کے چھت کی ریلنگ سے سہارا دیا گیا تھا۔

ہوٹل مالک پوجا کلرا اور ان کے شوہر کے مطابق چمچے کو گزشتہ شب چوری کیا گیا ہے جسے 2 مشکوک افراد کھول کر لے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ چوروں نے چمچے پر لگے نٹ بولٹ اور اسکرو کو سکون سے کھولا اور پھر موٹرسائیکل پر رکھ کر فرار ہو گئے۔ وہ اپنے کام میں ماہر لگتے تھے۔ پولیس کو رپورٹ لکھوا دی گئی ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

ہوٹل مالکان کا کہنا ہے کہ اگر چور یہ چمچہ واپس کر جائے جو اس کے کسی کام کا نہیں تو انہیں کچھ نہیں کہا جائے گا۔ ہوٹل پر آنے والے گاہکوں کو چمچہ پسند آتا تھا اور وہ اس کے ساتھ تصاویریں بنواتے تھے۔