کشمیر کی آزادی کی جدوجہد تحریک پاکستان کا تسلسل ہے ،پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، فریدہ بہن جی

سرینگر(صباح نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماو جموں وکشمیرماس موومنٹ کی چیرپرسن فریدہ بہن جی نے یوم پاکستان کے موقع پرپاکستان کے عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد تحریک پاکستان کا تسلسل ہے ،پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی بے مثال قربانیاں رنگ لائیں گی اور جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا،23 مارچ ، یوم پاکسان کے موقع پر اپنے پیغام میں فریدہ بہن جی نے کہا کہ 23مارچ 1940جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک انتہائی اہم دن ہے جب قائداعظم محمد علی جناح کی پرجوش قیادت میں خطے کے مسلمانوں کی واحد نمائندہ جماعت مسلم لیگ نے ایک آزاد اور خودمختار ملک کا مطالبہ کیاتھا جو بعد میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے طورپر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔

انہوں نے کہا کہ اس روز منظور کی جانیوالی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ شمال مغربی اور شمال مشرقی ہندوستان کے مسلم اکثریتی علاقوں کو ایک آزاد ریاست قرار دیا جائے اور وقت نے ثابت کر دیا ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں کے اپنے علیحدہ وطن کا مطالبہ جائز تھا۔بھارتیہ جنتا پارٹی کی انتہا پسند حکومت نے بھارت میں رہنے والے مسلمانوں کی زندگیوں کو اجیرن بنادیا ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام پر مظالم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں، فریدہ بہن جی نے کہا کہ پاکستان دنیا بھرکے مسلمانوں کیلئے اللہ تعالی کی سب سے بڑی رحمت ہونے کے ساتھ ساتھ اسلام کا قلعہ اور امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے نصب العین کی حمایت کی ہے،تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستا ن کشمیر کے حوالے سے اپنے موقف پر قائم ہے اور وہ کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمائت کررہا ہے ،

جموں و کشمیر کے عوام کے پاکستان کے ساتھ رشتے مضبوط اور کثیر جہتی ہیں اور اس رشتے کو دنیا کی کوئی طاقت الگ نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی پاکستان سے محبت کی عکاسی اس حقیقت سے ہوتی ہے کہ وہ نو لاکھ سے زائد قابض بھارتی افوا ج کی موجودگی میں پاکستانی جھنڈے لہراتے ہیں ، یوم پاکستان کو بھرپور انداز میں مناتے ہیںاوراپنے شہدا کی میتوں کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر دفن کرتے ہیں یہ پاکستان سے کشمیریوں کی محبت کی ایک ایسی انتہا ہے جس کی دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی

،حریت کی سینئر رہنمانے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے جو کشمیریوں کو اپنا بنیادی حق خودارادیت دلانے کے لئے ہر طرح کی کوشش کررہا ہے لیکن بھارت کشمیریوں کو ان کا یہ حق دینے سے مسلسل انکاری ہے اور وہ اپنی ظالم افواج کے ذریعے کشمیریوں کو اپنی جدوجہد سے دستبردار کرانے کے لئے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کررہاہے لیکن کشمیریوں کے بلند حوصلو ں کے سامنے بھارت آج تک اپنے مکروح عزائم میںناکام رہا ہے ، انہوں نے حکومت پاکستان کی عالمی سطح پر کشمیر کو اجاگر کرنے کی کوششوں خا ص کر وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی کشمیر کے بارے دو ٹوک موقف کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ حکومت پاکستان مظلوم کشمیریوں کی آواز دنیا کے سامنے لانے کے لئے مزید ٹھوس پالیسی اختیار کرے گی ،

انہوں نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے کشمیر بارے دوٹوک بیان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیان بھارت کے لئے واضح پیغام ہے ، پاک فوج نے ہمشیہ پنے مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھائی اور اس حوالے سے بھارت کو دوٹوک جواب دیا ہے جس سے کشمیریوں کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں ،فریدہ بہن جی نے کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی کی کامیابی کا ضامن ہے۔ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد تحریک پاکستان کا تسلسل ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی بے مثال قربانیاں رنگ لائیں گی اور جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔