مانچسٹر (صباح نیوز ) الخدمت فاؤنڈیشن اور آغوش یو کے کے تحت مانچسٹر میں’ری بلڈ ترکیہ سیریا اینڈ پاکستان’ کے نام سے ڈونر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ڈونر کانفرنس کا مقصد ترکیہ اور شام کے زلزلہ اور پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی و تعمیر نو کے پراجیکٹس کے لیے عطیات جمع کرنا تھا۔ تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر محمد عبدالشکور،آغوش یوکے کے چیئرمین ڈاکٹر عدیل ریاض، سابق ممبر یورپین پارلیمنٹ امجد بشیر اور مخیر حضرات سمیت پاکستانی کیمونٹی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نا صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک میں بھی خدمت کا ایک معتبر نام بن چکا ہے اور کسی بھی نا گہانی آفت اور سال بھر جاری رہنے والے خدمت خلق کی سرگرمیوں سے لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ پاکستان میں حالیہ سیلاب اور ترکیہ اور شام میں زلزلے کے بعد بھی الخدمت نے اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کے لیے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے ذریعے بھرپور مدد کی اور اب بھی بحالی و تعمیر نو کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے کہا کہ بیرون ممالک پاکستانیوں کا الخدمت پر اعتماد دراصل الخدمت کی خدمات کا اعتراف ہے۔ آغوش یوکے چیئرمین ڈاکٹر عدیل ریاض نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی مینجمنٹ اور رضاکاروں نے حالیہ سیلاب میں جس انتھک محنت سے کام کیا، وہ وطن سے دور رہنے والوں کے لیے اطمنان کا باعث ہے۔ بیرون ممالک پاکستانیوں نے ہمیشہ مشکل کی گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کا ساتھ دیا ہے اور اب ترکیہ اور شام کے متاثرین کی مدد کرکے وہ پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ سابق ممبر یورپین پارلیمنٹ امجد بشیر نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے نا صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک میں خدمت انسانیت کے نشان چھوڑے ہیں اور ہمیں نیک کاموں نے اِن کا ساتھ دینا چاہیے۔