اسلام آباد(صباح نیوز)پنجاب حکومت کی طرف سے دفعہ144 کے نفاذ اور الیکشن ریلیوں پر پابندی کے حوالے سے پی ٹی آئی کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن نے کل اہم اجلاس طلب کرلیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پنجاب حکومت کی طرف سے دفعہ 144 کے نفاذ اور الیکشن ریلیوں پر پابندی کے حوالے سے پی ٹی آئی کے ڈاکٹر بابر اعوان اور ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواستوں پر چیف الیکشن کمشنر نے کل ساڑھے 10 بجے کمیشن کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز پاکستان تحریک انصاف کی سینٹرل پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشد نے پی ٹی آئی کی ریلی روکنے کے معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کو مراسلہ لکھ دیا۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں الیکشن شیڈول جاری کررکھا ہے ، تحریکِ انصاف نے ریلی کا اعلان کیا تو نگراں حکومت نے دفعہ 144 نافذ کردی ۔
مراسلے میں مزید کہا گیا کہ اس سے پہلے بھی ریلی پر پولیس نے تشدد کیا ، جس سے کارکن شہید ہوا ، تحریکِ انصاف کی ریلی 2 بجے ہے جبکہ پی ایس ایل کا میچ شام 7بجے ہے ۔مراسلے میں الیکشن کمیشن سے کہا گیا ہے کہ نگراں حکومت کے کردار کا نوٹس لے اور 144 کے نفاذ کو غیر قانونی قرار دے ۔جبکہ پنجاب کی نگران حکومت کی جانب سے لاہور میں اتوار کے روز ریلی نکلانے پر پابندی کے خلاف پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں پیٹیشن دائر کرتے ہوئے پابندی کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔