اسلام آباد (صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آئندہ الیکشن میں اپنے جھنڈے اور منشور کے ساتھ عوام کے پاس جائے گی، موجودہ اور سابقہ حکومت میں کوئی فرق نہیں، پالیسیاں یکساں، نعرے مختلف ہیں اور یہ سب عوام کو ایک دفعہ پھر لالی پاپ دینے کے چکروں میں ہیں، لیکن اس دفعہ لوگ ان کے دھوکے میں نہیں آئیں گے بلکہ جماعت اسلامی کا انتخاب کریں گے، انھوں نے کہا ایک دینی، نظریاتی اور قومی تحریک ہونے کے ناطے جماعت اسلامی ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے جس کے لیے ہمیں عوام کا تعاون درکار ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈونر کانفرنس کے شر کاء سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔میاں محمد اسلم نے کہا موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کے حکم پر عوام کو گردنوں سے دبوچ رکھا ہے عام آدمی ،محنت کش طبقہ اور امانت و قناعت سے گزر بسر کرنے والے طبقات کے لیے بوجھ ناقابل برداشت حد تک بڑھ گئے ہیں،مہنگائی بے قابو ، ادویات کی قیمتوں میں ہوشربااضافہ،روپے کی قدر میں گراوٹ ،بجلی ،گیس ،تیل کی گرانی سے تجارت ، صنعت اور زراعت کاپہیہ جام ہے
انھوں نے کہا اتحاد ی حکومت نے 85سے زائد وزیروں اورمشیروں کی ناکارہ فوج مسلط کرکے عوام میں بے چینی نفرت اور انتقام کے جذبات بھڑکا دیئے ہیں،آئین پاکستان، قیام پاکستان کے مقاصد اور قرآن و سنت کے احکامات سے بغاوت اور انحراف کی وجہ سے ملک بحرانوں کا شکار ہے۔ میاں محمد اسلم نے کہا فوجی آمریتوں ، پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ اور تحریک انصاف کا بدنماطرز حکمرانی اور کرپٹ سرمایہ دارانہ نظام کی غلامانہ ذہن کے مالک،پالیسی ساز، ملک وملت کی اس صورت حال کے ذمہ دار ہیں۔