لاہور(صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کی ایجوکیشن پروگرام مینیجر سمیرا چھاپرا نے کہا ہے کہ موجودہ دور کمپیوٹر اور آئی ٹی کا ہے ۔الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ مستحق بچیوں کو کمپیوٹر کے شارٹ کورس کروا رہا ہے تاکہ وہ پیشہ وارانہ تعلیم حاصل کر کے گھر بیٹھے اور فیلڈ میں باعزت روز گار حاصل کر سکیں۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت کمپیوٹر شارٹ کورس مکمل کرنے والی پانچویں بیج کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر کورس مکمل کرنے والی طالبات میں سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کئے گئے۔
سمیرا چھاپرا نے کہا کہ الخدمت خواتین کو کمپیوٹراور سلائی کڑھائی سمیت مختلف شعبوں میں فنی تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہا ہے تاکہ پیشہ وارانہ تعلیم کے حصول کے بعد یہ خواتین اپنے خاندان کی کفالت میں مدد کرسکیں اور کسی کی محتاج نہ رہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کمپیوٹر شارٹ کورس کے جو چار بیچ مکمل ہوئے تعلیم حاصل کرنے والی بیشتر خواتین روز گار سے منسلک ہو چکی ہیں اور امید ہے کہ آگے بھی یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا