پاکستان اور سپین کا تجارت، معیشت، زراعت، قابل تجدید توانائی، سیاحت، ڈیجیٹلائزیشن، اسٹارٹ اپس اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

میڈرڈ(صباح نیوز)پاکستان اور سپین نے سالانہ دوطرفہ مشاورت کے پانچواں دور میں تجارت، معیشت، زراعت، قابل تجدید توانائی، سیاحت، ڈیجیٹلائزیشن، اسٹارٹ اپس اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ  فریقین کا موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تعاون کو تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا،جبکہ پاکستان کے سیکریٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے،

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق  پاکستان اور سپین کی سالانہ دوطرفہ مشاورت کا پانچواں دور میڈرڈ میں منعقد ہوا، پاکستان کی طرف سے سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان جبکہ سپین کے وفد کی قیادت سپین کی سیکرٹری خارجہ اور عالمی امور اینجلس مورینو بائونے کی۔ سیکرٹری خارجہ کی معاونت سپین میں پاکستان کے سفیر شجاعت علی راٹھور اور سینئر حکام نے کی۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا جبکہ بات چیت میں تجارت، معیشت، زراعت، قابل تجدید توانائی، سیاحت، ڈیجیٹلائزیشن، اسٹارٹ اپس اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان نے جی ایس پی پلس سکیم کی پاکستان کیلئے اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں مسلسل حمایت پر سپین کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے ہسپانوی کمپنیوں کو پاکستان کی آزادانہ سرمایہ کاری کے نظام اور پاکستان میں مصنوعات کی پیداوار، ذرائع اور مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے کی بھی دعوت دی۔ فریقین نے موسمیاتی تبدیلی کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تعاون کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔سیکرٹری خارجہ نے سیکرٹری آف سٹیٹ کو گزشتہ ماہ جنیوا میں منعقدہ موسمیاتی تبدیلی کے پاکستان پر بین الاقوامی کانفرنس کے بارے میں آگاہ کیا اور پاکستان کی فراخدلانہ حمایت پر سپین سمیت عالمی برادری کی تعریف کی، بات چیت میں علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے، انہوں نے کہا کہ اس لعنت سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے پرامن، مستحکم، خوشحال اور منسلک افغانستان کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔پاکستان کے سیکرٹری خارجہ نے سپین کی سیکرٹری خارجہ کو جنوبی ایشیا کی صورتحال اور بھارت کی جابرانہ پالیسیوں اور بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے ۔۔