پی ٹی آئی میں شمولیت میرا ذاتی فیصلہ ہے،غضنفر بلور 


پشاور(صباح نیوز)پاکستان تحریکِ انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے رہنما غضنفر بلور نے کہا ہے کہ مجھے کوئی سیاست نہ سکھائے، مجھے اچھی طرح سیاست آتی ہے۔

پشاور میں غضنفر بلور نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حاجی غلام احمد بلور کو والد کا درجہ دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں شمولیت میرا ذاتی فیصلہ ہے، میرے خاندان میں کسی قسم کا تنازع نہیں ، میرا تعلق بزنس کمیونٹی سے ہے۔

تحریکِ انصاف میں شامل ہونے والے غضنفر بلور نے کہا کہ 2013 میں الیکشن لڑ چکا ہوں، جو کہتے ہیں میں سیاسی نہیں، وہ میرے بعد سیاست میں آئے۔

انہوں نے کہا کہ میں وزیرِ اعظم عمران خان کی پالیسیز پر مکمل اعتماد کرتا ہوں، وہ ملک کو ترقی نہ دیتے تو کے پی میں پی ٹی آئی کی دو بار حکومت نہ آتی۔

واضح رہے کہ غضنفر بلور 2 روز قبل پاکستان تحریکِ انصاف(پی ٹی آئی)میں شامل ہوئے ہیں۔غضنفر بلور کے والد الیاس بلور اور خاندان کے بیشتر افراد عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)سے وابستہ ہیں۔