نئی دہلی،اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستانی لڑکی اقرا جیوانی کو بھارتی شہر بنگلورو میں گرفتار کرلیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 19 سالہ پاکستانی لڑکی اقرا جیوانی کی 25 سالہ بھارتی شہری ملائم سنگھ یادیو سے آن لائن گیم کے ذریعے دوستی ہوئی، اقرا جیوانی اور ملائم سنگھ یادیو نے نیپال میں شادی کی۔
بھارتی میڈیاکا دعوی ہے کہ پاکستانی لڑکی اقرا نیپال کے راستے بھارت میں غیر قانونی طور پر داخل ہوئی۔بھارتی میڈیا پر اقرا کی گرفتاری کی خبر نشر ہونے پر اس کے اہلخانہ نے میڈیا سے گفتگو کی۔اقرا کے والد سہیل جیوانی نے کہا کہ اقرا کی گمشدگی کا مقدمہ گزشتہ سال 19ستمبر کو درج کرایا تھا۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ لڑکی والدین سے رابطے میں تھی، اقرا کے کیس میں متعلقہ افراد سے باقاعدہ ابھی کوئی رابطہ نہیں ہوا، کیس سامنے آنے پر محکمہ خارجہ سے رابطہ کیا ہے، اقرا کے کیس میں جہاں ضرورت ہوئی مدد کی جائیگی۔۔