اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسکواش کے مایہ ناز کھلاڑی اور سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے ملاقات کی۔
اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیراعظم نے آٹھ مرتبہ عالمی چیمپئن اور چھے مرتبہ برٹش اوپن چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے والے جان شیر خان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے پوری قوم کو آپ پر فخر ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں اسکواش کے کھیل کو مقبول بنانے اور اس کھیل کے فروغ کے لئے آپ کی خدمات قابل قدر ہیں ۔
نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان اور اسپورٹس کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے وزیراعظم کو اسکواش کے فروغ کے لئے اپنی حالیہ سرگرمیوں بارے آگاہ کیا جنھیں وزیراعظم نے سراہا، جان شیر خان ان دنوں اسکواش کے نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کر رہے ہیں ۔۔