کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبد الحق ہاشمی نے کہاکہ روٹی کپڑا اور مکان ، سب سے پہلے پاکستان اورتبدیلی کے سمیت مختلف نعروں سے حکمرانوں نے ملک وعوام کو لوٹا،پی ڈیم ایم و پی ٹی آئی کی جماعتوں نے بار بارحکومت کی مگر عوام کی حالت سدھارنے کے بجائے گوادرکے عوام ودھرنے والوں پر لاٹھی چارج وآپریشن کرکے بدترین ظلم کیا جس کی وجہ سے حالات خراب نفرت وشدت میں اضافہ ہوا، گوادر دھرنے والوں سے مذاکرات نہ کرکے حکمرانوں نے بدترین غلطی کی ۔اب بھی وقت ہے دھرنے والوں کے خلاف مقدمات ختم ،گرفتار ولاپتہ افراد کو منظرعام پر لاکرمذاکرات کے ذریعے حق دو تحریک کے قانونی مطالبات مان لیے جائیں۔
ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ہر جگہ مظلوموں کیساتھ اور ظلم وجبر کے خلاف ہے ۔انہوں نے کہاکہ گوادر پسنی اورماڑہ تربت میں اب بھی حالات ٹھیک نہیں خوف ودہشت اورکرفیوکا سماں ،بازار ویران ،عوام پریشان ہیں گوادرکے عوام ،جماعت اسلامی وحق دوتحریک کے مظاہرین منظم ہوکر دوبارہ قانونی تسلیم شدہ مطالبات منوانے اور عوامی قومی اجتماعی مسائل کے حل کیلئے دھرنا دیں گے، طاقت وگولی کی زبان سے مطالبات منوانا جبر آمریت ولاقانونیت کا طریقہ ہے جس سے وقتی طور پر تو مظاہرین کو دبایاجاتاہے لیکن عوام میں ردعمل واحساس محرومی بڑھنے کیلئے جوش وجذبہ اور یکجہتی واتحاد میں وسعت وبہتری آجاتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان بھر کے عوام گوادرکے عوام کیساتھ ہے بلوچستان کی محرومی وفاق وصوبے کے حکمرانوں کے رویہ ٹھیک ہونے ،بلوچستان کے وسائل بلوچستان پر خرچ ہونے سے ختم ہوسکتاہے۔
بلوچستان کی احساس محرومی ختم کرنے کیلئے چھوٹے بڑے آفیسرزوزراء بیوروکریسی کورویہ ٹھیک دیانت داری اپنانی ہوگی تاکہ ظلم وجبر تشددلاقانونیت اور بدعنوانی کا خاتمہ ہوجائے۔ بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی چیزنہیں وفاقی حکومت تماشا جبکہ چیک پوسٹوں ،ساحل اور بارڈرزپر انتظامیہ آفیسرزوسیکورٹی کے اعلیٰ حکام وآفیسرزرشوت وبھتہ اورغنڈہ ٹیکس کے ذریعے چیک کام چلارہے ہیں جس سے یہ راشی لوگ مالامال جبکہ عوام بدحال وپریشان رہتے ہیں جماعت اسلامی ان مظالم لاقانونیت بدعنوان کے خلاف ہر فورم پرآوازبلند کر رہی ہے تاکہ حقیقی عوامی حکومت ،عوام کا دکھ دردرکھنے والے دیانت دار لوگ پالیمنٹ،چیک پوسٹ اور ہر انتظامی عوامی دفتر میں آجائے جب تک بدعنوانی کا خاتمہ نہیں ہوتا عوامی پیسہ عوام پر خرچ نہیں ہوتا رشوت بھتہ خوری کا خاتمہ نہیں ہوگا اس وقت تک قومی خزانہ قوم پر خرچ ہونے کے بجائے چند غلط بدعنوان افراد پر خرچ ہوگا۔