میرا کام کرکٹ کھیلنا ہے کسی کو جواب دینا نہیں، ذمہ داری کا علم ہے کسی کو خوش کرنے کی ضرورت نہیں، بابر اعظم

کراچی(صباح نیوز)قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ مجھے اپنی ذمہ داری کا علم ہے کسی کو خوش کرنے کی ضرورت نہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم نے کہا کہ کوشش ہوگی نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز جیتیں، وائٹ بال کرکٹ میں جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے مختلف فارمیٹ کیلئے مختلف کمبی نیشن ہونا چاہیے، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں بہترین پلیئنگ الیون میدان میں اتارنے کی کوشش ہوگی، نائب کپتان شان مسعود کو کھلانے یا نہ کھلانے کا فیصلہ میچ سے قبل ہوگا،طیب طاہر اور کامران غلام ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل پرفارم کرتے آرہے ہیں۔ بابراعظم نے کہا کہ میرا کام پاکستان کو جتوانا ہے، مجھے اپنی ذمہ داری کا علم ہے کسی کو خوش کرنے کی ضرورت نہیں، میرا کام کرکٹ کھیلنا ہے کسی کو جواب دینا نہیں۔ سرفراز احمد کی کارکردگی سے متعلق بابر اعظم نے کہا کہ سرفراز احمد نے انتظار کیا مگر ہمت نہیں ہاری ،سینئر پلیئرمشکل وقت میں کھیلتا ہے۔