مریم اورنگزیب کی خواتین فنکاروں کی کردار کشی کی شدید مذمت،ایف آئی اے سے قانونی کارروائی کا مطالبہ

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اداکارائوں کی کردار کشی کرنے والے عناصر کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایف آئی اے سے قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک بیان میں کیا۔  وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اداکارائوں کی کردار کشی کرنے والے عناصر کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایف آئی اے سے قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، انھوں نے کہا کہ  بدتمیزی، بدتہذیبی اور کردار کشی کی غلیظ مہم کا کلچر پھیلانے والوں کی پورے معاشرے کی طرف سے مذمت ہونی چاہئے، صرف اپنی ماں بہنوں کی عزت کی فکر اور باقی دنیا کی عورتوں کی عزت نہ کرنے والے عناصر ذہنی بیمار ہیں، اختلاف رائے کرنے والوں کو گالیاں دینا، ماں بہنوں بیٹیوں کی عزت نہ کرنا، گھروں پر حملے، گھیرائو کرانا اور ہراساں کرنا “گھریلو تربیت” کی علامات ہوتی ہیں، اداکار ملک کا اثاثہ اور پاکستان کی پہچان ہیں، بیمار ذہن ہی ان پر حملے کرتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ  فنکار معاشرے میں اپنی محنت سے مقام حاصل کرتے ہیں،فنکار مشکلات کا سامنا کرکے قبولیت عام پاتے ہیں،خواتین سیاست، صحافت، فن یا کسی بھی شعبے میں کوئی مقام پائیں تو ان کی کردار کشی شروع کر دی جاتی ہے، خواتین کے خلاف یہ بدنما مہم صرف عورت ہونے کی وجہ سے چلائی جاتی ہے،عورتوں کی محنت، جدوجہد اور صلاحیتوں کا اعتراف اور احترام کرنے کے بجائے گند اچھالنا شرمناک ہے،خواتین حوصلے،ہمت اور منزل کو حاصل کرنے کے عزم کی علامت بن چکی ہیں۔  وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایسی بے ہودگی ان کی کامیابیوں کا سفر روک نہیں سکتیں۔