کراچی(صباح نیوز)کراچی ٹیسٹ کے تیسرے روز سرفراز احمد اور سعود شکیل نے پاکستان کو بڑے نقصان سے بچا لیا۔ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلی جارہی ٹیسٹ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ارینا میں جاری ہے۔ کھیل کے تیسرے دن پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 407 رنز بنالئے ہیں، کریز پر سعود شکیل 124 رنز پر موجود ہیں جب کہ گیارھویں کھلاڑی ابرار احمد نے ابھی اپنا کھاتہ نہیں کھولا۔
کھیل کے تیسرے دن پاکستان نے 154 رنز 3 وکٹوں کے نقصان کے ساتھ اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو امام الحق 71 اور سعود شکیل 13 رنز پر ناٹ آئوٹ تھے۔ابھی اسکور 182 رنز ہی ہوا تھا کہ امام الحق آئوٹ ہوگئے انہوں نے 83 رنز بنائے۔ امام الحق کے بعد سرفراز احمد میدان میں اترے اور سعود شکیل کے ساتھ مل کر پاکستان کو بچانے کی کوشش میں جت گئے۔ اسی دوران سعود شکیل نے اپنی ایک اور نصف سینچری مکمل کی۔ سعود شکیل کے بعد سرفراز احمد نے بھی اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ایسا لگ رہا تھا کہ سرفراز اور سعود شکیل نیوزی لینڈ کے خسارے کو ختم کردیں گے۔
دونوں نے مل کر اسکور کو 332 رنز پر پہنچایا۔ اسی دوران سعود شکیل نے اپنی دوسری سینچری اسکور کی۔332 رنز پر سرفراز احمد اسٹمپ آئوٹ ہوگئے، انہوں نے 78 رنز بنائے ۔ سعود شکیل اور سرفراز احمد نے 150 رنز کی شراکت قائم کی۔ سرفراز احمد کے بعد سعود شکیل کا ساتھ آغا سلمان نے نبھایا، دونوں نے 53 رنز کی شراکت داری قائم کی جس میں آغا سلمان کا حصہ 41 رنز تھا۔ آغا سلمان آئوٹ ہوئے تو پاکستان کا مجموعی اسکور 385 رنز تھا۔
مجموعی اسکور میں 12 رنز کے اضافے کے دوران پاکستان کے 3 کھلاڑی حسن علی، نسیم شاہ اور میر حمزہ آئوٹ ہوگئے، تینوں نے بالترتیب 4،4 اور صفر رنز بنائے۔ سعود شکیل نے آخری وکٹ کی شراکت داری پر کھیل ختم ہونے تک پاکستان کا اسکور 407 رنز پر پہنچا دیا۔ نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 449 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیون کانوائے نے 122 رنز جب کہ ٹام لیتھم نے 71 ، ٹام بلنڈیل نے 51 اور نیٹ ہینری نے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 4 جب کہ نسیم شاہ اور سلمان آگا نے 3،3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔