دنیا میں سیکولرازم کا پردہ چاک ہو رہا ہے،مستقبل اسلام کا ہے۔ راشد نسیم

لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ دنیا میں سیکولرازم کا پردہ چاک ہو رہا ہے،مستقبل اسلام کا ہے۔ ملک پر مسلط لٹیرے نااہل ثابت ہو چکے اور عوام کے سامنے ایکسپوز ہو گئے ہیں، اب پاکستان میں اسلامی نظام آئے گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں لوئردیر سے آئے ہوئے افراد کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔راشد نسیم نے کہا کہ سارے عالم میں مثبت تبدیلیاں رونما ہو رہی ہے، جن کا آغاز افغانستان سے امریکا کے انخلا کی صورت میں ہوا، ترکی میں سیکولرازم کے جبر سے آزاد ہو گیا ہے، فلسطینیوں کی قربانیاں رنگ لا رہی ہیں، صہیونیت کے مظالم کے باوجود وہاں کے عوام کے جذبے جوان ہیں،

قطرنے فٹ بال ورلڈ کپ میں اسلامی شعائر کو پروان چڑھا کردنیا کے سامنے بہترین مثالیں قائم کیں۔ ثابت ہو گیا کہ دین فطرت کو اپنانے سے ہی انسانیت کی کامیابی ممکن ہے۔ انھوں نے امریکا میں ہم جنس شادیوں کے بل کی منظوری کو بھی انسانیت دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قانون سے امریکا بنی نوع انسان کی قبریں کھودنے کے درپے ہے، یہ غیر فطری نظام اپنی موت آپ مرے گا۔