اسلام آباد(صباح نیوز)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کا کرونا صورتحال پر اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے ائیرپورٹس اور بارڈرز پر مانیٹرنگ مزید بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے کرونا ویریئنٹس سے متعلق حفاظتی تدابیر پر لوگوں کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کی زیر صدارت کرونا کی صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ تمام ہوائی اڈوں پر کرونا ٹیسٹنگ کا عمل جاری ہے ،این آئی ایچ حکام نے بتایا کہ طورخم بارڈر پر سرحد پار کرنے والوں کی ویکسینیشن اور اسکریننگ ٹیسٹ روزانہ کی بنیاد پر کی جار ہی ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ تمام ائیر پورٹس پر انتظامی ٹیم مامور کرنے کے ساتھ موثر اسکریننگ نظام مکمل طور پر فعال ہے اور کرونا سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ضروری انتظامات مکمل طور پر کر لیے گئے ہیں۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے ملک کی انسداد کرونا حکمت عملی اور قومی تیاری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت دی کہ تعلیمی اداروں، سماجی اجتماعات اور کمیونٹیز کے لیے احتیاطی تدابیر جاری کریں۔ انہوں نے کرونا کے نئے ویرئینٹ کا دیگر ممالک میں پھیلاؤا اور مختلف ممالک میں اس سے نمٹنے کے لیے کیئے گئے اقدامات کی مسلسل نگرانی پر زور دیا۔