بلوچستان میں سرکاری نوکریاں لاکھوں میں بکنے لگیں، جام کمال کی اپنی پارٹی پر تنقید


کوئٹہ(صباح نیوز)بلوچستان میں سول سیکرٹریٹ میں درجہ سوئم اور چہارم کی نوکریاں 15 سے 40 لاکھ روپے میں فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب ساٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وزیر اعلی بلوچستان جام کمال نے اپنی ہی پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ آج بلوچستان کے سول سیکرٹریٹ میں نائب قاصد اور ڈرائیورز بھرتی کرنے کے لیے 15 لاکھ اور اسٹینوگرافر کی پوسٹ کے لیے 40 لاکھ کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ جو لوگ ایس اینڈ جی اے ڈی چلا رہے ہیں انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ کیا ہو رہا ہے، ان پوسٹوں پر تعینات ہونے والے لوگ سرمایہ کار ہوں گے نہ کہ ملازم۔

سابق وزیر اعلی نے کہا کہ ایک غریب آدمی نے کسی سے کہا ہے کہ وہ اسے ڈرائیور کی نوکری دلوائے کہ وہ قرض لے گا اور ادائیگی کرے گا، باقی اس کی تنخواہوں سے وصول کیا جائے، ان کی تنخواہ میں سے صرف 10 ہزار روپے انہیں دیے جائیں تاکہ وہ اپنے بچوں کا پیٹ بھر سکے،آج اس ماحول اور حال کے کچھ لوگ ذمہ دار ہیں اور ان سب کو پتا بھی ہے۔