گوادر مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی سندھ کے تحت کراچی تا کشمور احتجاجی مظاہرے

کراچی/خیرپور(صبا ح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر گوادر کی مظلوم عوام کی حمایت کیلئے کراچی تا کشمور اپنے مظلوم بلوچ بھائیوں کے حق اور ظالم حکمرانوں کیخلاف بھرپور یوم احتجاج منایا گیا، اس سلسلے میں کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، ٹنڈوآدم، نواب شاہ، سکھر، شکارپور،کشمورکندھ کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، شہداد کوٹ سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن سے  جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر ممتاز حسین سہتو، قاری ابو زبیر جکھرو،منصورابڑو، عقیل احمد خان،حافظ خالد سلمان،غلام مصطفی میرانی،لالا عبدالفتاح پٹھان،عبدالغفور انصاری، مشتاق احمد عادل ودیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حق دو تحریک ہمیشہ پرامن جدوجہد کی ہے۔ دو ماہ دھرنا پرامن تھا، تمام بڑے جلوس پرامن تھے۔

حکومت مافیا کے سامنے سرنگوں ہو کر تشدد پر اتر آئی ہے’.رات کو پر امن دھرنے پر حملہ کرکے لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔. خواتین اوربزرگوں کو بھی نہیں بخشا گیا، تشدد کر کے ایک بزرگ خاتون کے ہاتھ کو توڑ دیا گیا جبکہ بڑی تعداد میں حق دوتحریک کے کارکنوں کو لاپتہ کیا گیا۔حق دو گوادر تحریک کے رہنماء اور کارکنان پہلے بھی پر امن تھے اور آئندہ بھی پر امن رہیں گے اس لیے وزیر داخلہ بلوچستان کو چاہیے کہ وہ غلط بیانی کرکے قوم کو گمراہ نہ کریں۔سٹھارجہ میںمیں صوبائی نائب امیر ممتازحسین سہتو نے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں پرامن خواتین اور بزرگوں پر لاٹھی چارج،پولیس گردی قابل مذمت ہے،

گوادر کے عوام نے مولانا ہدایت الرحمن کی ٹیم کو بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے منتخب کیا ہے ان پر پابندیاں عائد کرنا اور مسائل سے کنارہ کشی اختیار کرنا حکومت کیلئے ڈوب مرنے کا مقام ہے، حکومت فی الفور مولانا ہدایت الرحمن اور ان کی ٹیم سے ڈائیلاگ کرے اور بات چیت کے ذریعے تمام مسائل کو حل کیا جائے۔کشمور میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر گوادر میں حق دو گوادر کو تحریک کے کارکنان پر تشدد و گرفتاریوں کے خلاف یوم یکجہتی بلوچستان کے حوالے ضلعی ہیڈکوارٹر کندھکوٹ میں پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا

جس سے ضلعی امیر غلام مصطفیٰ میر انی، لالہ عبدالفتاح پٹھان عمر فاروق چنا نے خطاب کیا۔ لاڑکانہ: گوادر حق دو گوادر تحریک کے کارکنان پر تشدد و گرفتاریوں کے خلاف یوم یکجہتی بلوچستان کے تحت لاڑکانہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے ضلعی امیر قاری ابوزبیر جکھرو،غلام حیدرکورائی ودیگر نے خطاب کیا۔ قبوسعید خان: گوادر میں نہتے مظاہرین پر تشدد، پولیس گردی کیخلاف قمبرشہداد کوٹ کے امیر منصورعلی ابڑو،اسدعلی مغیری ودیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت مدینہ مسجد چوک پر امیر جماعت اسلامی پاکستان محترم سراج الحق کی اپیل پر گوادر بلوچستان کی عوام سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں منعقدہ احتجاجی مظاہرہ سے ضلعی امیر حافظ سلمان خالد ، حاجی نور الہی مغل، محمد عاصم شیخ، ظفر اقبال مجاہد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی شہری ہونے کے ناتے اپنے بنیادی آئینی حقوق مانگنا گوادر عوام کا جرم بنادیا گیا ہے۔ھزاروں مرد وخواتین گذشتہ ایک ماہ سے اپنے مطالبات کے حق میں پر امن دھرنا دیئے بیٹھے تھے۔بے گناہ نہتے پرامن شہریوں پر بدترین تشدد اور گرفتاریاں بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

حقوق دینے کے بجائے ریاستی تشدد کی پالیسی بلوچستان کے عوام میں نفرت بڑھانے کا سبب بن سکتی ہے۔حکمران ہوش کے ناخن لے گوادر بلوچستان حق دو تحریک کے روح رواں مولانا ھدایت الرحمن بلوچ اور ان کے ساتھیوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کو ختم کیا جائے اور ان کے خلاف درج ایف آئی آر  کا خاتمہ کیا جائے بلوچ عوام سمیت پورے پاکستان کے شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق دیئے جائیں۔

پانی ،بجلی ، تعلیم ، صحت کی سہولت اور روزگار مانگنا آج عوام کیلئے جرم بنادیا گیا ہے۔ بے گناہ گرفتار بلوچ رہنماؤں اور کارکنوں کو فوری کیا جائے۔ٹنڈوالہیار میں ضلعی نائب امیر عاشق حسین خانزادہ کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ٹنڈوآدم میں ضلعی امیر عبدالغفور انصاری،مشتاق احمد عادل ودیگر کی قیادت میں پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،ٹھٹہ میں ضلعی میر الطاف احمدملاح، ڈاڈا دم گندرو،غلام شفیع سموں کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔