اللہ کی بجائے فرانس،یورپی یونین سے خوفزدہ وزرا شرم سے ڈوب مریں ،ڈاکٹرطارق سلیم


راولپنڈی (صباح نیوز)نومنتخب امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطار ق سلیم نے کہاہے کہ اللہ کی بجائے دجالی قوتوں کے سامنے سجدہ ریزحکمران قوم پر عذاب ہیں۔ وزیرداخلہ ہرروزپریس کانفرنس میں قوم کوفرانس سے ڈراتے ہیں کہ اس کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع ہونے سے یورپی یونین ناراض ہوجائے گا ،اللہ کی بجائے عالمی شیطانوں سے ڈرنے والے شرم سے ڈوب مریں۔

اپنے بیا ن میں انہوں نے کہا کہ عاشقان مصطفےۖکسی بھی شیطان بزرگ سے خوفزدہ نہیں ہیں ، ملک میں معاشی بحران قوم پرمسلط حکمران ٹولے کی وجہ سے، وزراء کی فوج قومی خزانے پر بوجھ ہے آئی ایم ایف،ورلڈبنک سمیت پوری دنیا سے بھیک مانگ کرقرضوں کے انبارلگائے جاتے ہیں پھرٹیکسوں کی صورت قوم کا خون پسینہ نچوڑ کرہردن پیٹرول،بجلی ،سوئی گیس کے بم گرائے جاتے ہیں۔

طارق سلیم نے کہاکہ تحریک انصاف ،نوازلیگ اور پیپلز پارٹی نے پاکستان کی بجائے ہمیشہ آئی ایم ایف،ورلڈ کے مفاد ات کا تحفظ کیا ،ملکی خانہ جنگی اورمعاشی تباہی کے ذمہ داراپنا نام تبدیل کرکے بحران خان رکھ لیں ۔