پاک افغان حکام کے درمیان باب دوستی پر فلیگ میٹنگ کے انعقاد پر اتفاق

چمن (صباح نیوز)پاک افغان بارڈر حکام نے باب دوستی پر فلیگ میٹنگ کے انعقاد پر اتفاق کرلیا گیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق چمن بارڈر پر پاک افغان صورتحال میں بہتری کیلئے افغانستان جانے والا اعلیٰ سول وفوجی حکام کا وفد وطن واپس پہنچ گیا ہے، پاکستانی وفد نے سپن بولدک میں اعلی افغان حکام سے ملاقاتیں کیں۔

جرگہ ارکان  کا کہنا ہے کہ افغان وزارت دفاع کے نائب ملاشیرین کی قیادت میں افغان وفد سے مذاکرات ہوئے جہاں افغان وفد میں نائب گورنر قندھار، وزارت خارجہ، داخلہ، بارڈر پولیس چیف اور  انٹیلی جنس حکام نے شرکت کی۔ امن جرگہ اور افغان وفد کی جانب سے  جاری مشترکہ بیان  میں کہا گیا ہے کہ پاک افغان عوام مطمئن رہیں، تیسری قوت کی باہمی تعلقات خراب کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ہم بھائی ہیں، غلط فہمیوں کو بات چیت سے دور کریں گے۔ جرگہ کے مطابق باب دوستی  پر پاک افغان بارڈر حکام کیدرمیان فلیگ میٹنگ کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ باب دوستی پر فلیگ میٹنگ کیلئے انتظامات کیے جارہے ہے۔  اس موقع پر افغان وفد کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا گھر ہے، اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں، بارڈر کشیدگی کی روک تھام کیلئے امارت اسلامی افغانستان ٹھوس اقدامات کرے گی۔افغان حکام نے مزید کہا کہ اپنی صفوں میں موجود کالی بھیڑوں کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے،

نقصانات پر دلی افسوس اور معذرت خواہ ہیں، مستقبل میں فائر نہ کرنے کے لیے مل کر اقدامات کریں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں افغان فورسز کی شہری آبادی پر گولہ باری سے شہری شہید اور کئی افراد زخمی ہوگئے تھے جب کہ پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی میں 6 افغان سرحدی پوسٹیں تباہ ہو گئی تھیں۔