مودی کیخلاف بلاول کے بیان نے بھارت میں آگ لگا دی

نئی دہلی (صباح نیوز)وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے نیو یارک میں گزشتہ روز دیئے گئے بھارتی وزیراعظم نریدر مودی کے خلاف بیان نے بھارت میں آگ لگادی۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سیکڑوں کارکنان کی جانب سے بلاول بھٹو کے بیان پر دہلی میں قائم پاکستانی سفارتخانے کے باہر احتجاج کیا اور نعرے بازی کے ساتھ وزیر خارجہ سے معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق دہلی پولیس نے بی جے پی کارکنوں کو پاکستانی سفارتخانے کی طرف احتجاج کرنے سے روکنے کے لیے رکاوٹیں کھڑی کیں تاہم، مظاہرین نے پہلے دور کی رکاوٹیں پھیلانگ کے سفارتخانے کی طرف احتجاج کرنے لگے۔بھارتی پولیس نے مظاہرین کو چانکیہ پوری علاقے میں رکاوٹوں کی دوسری لائن پر روک دیا جہاں واٹر کینن بھی رکھے گئے جب کہ بی جے پی کے کچھ کارکنوں کو پولس نے حراست میں بھی لے لیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز نیو یارک میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا نریندر مودی کو گجرات کا قصائی قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اسامہ بن لادن تو مارا گیا لیکن گجرات کا قصائی زندہ ہے اور وہ بھارتی وزیراعظ بن چکا ہے۔