اسلام آباد (صباح نیوز) صدر ڈاکٹر عارف علوی ، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے شمالی وزیرستان کے میرانشاہ بازار میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ۔
صدر مملکت نے شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ساری قوم متحد ہے۔ دہشت گردی کے باقیات کی مکمل خاتمے تک ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے میرانشاہ خودکش حملے میں حوالدار محمد امیراور ایک عام شہری کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا اور خیبر پختونخوا میں امن وامان کی صورتحال پرصوبائی حکومت سے تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا پیچھا کرینگے۔ انکے مذموم مقاصد کو ناکام بنائیں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز دہشت گرد کارروائیوں کا قلعہ قمہ کرنے نے بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں۔ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستانی قوم اپنی سیکورٹی فورسز کے ساتھ کے ساتھ کھڑی ہے، وزیر داخلہ نے کہا وطن کی خاطر جان دینے والوں کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انکی جرات کو سلام۔
دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے حوالدار محمد امیر اور عام شہری کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، سفاک وحشت و درندگی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، شہداکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پوری قوم اپنے سیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔