ریکوڈک قانون سازی پر تحفظات،وزیراعظم کے اتحادیوں سے رابطے،کابینہ کی کمیٹی تشکیل


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم میاں محمد شہبازشریف نے ریکوڈک قانون سازی پر اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان اور سربراہ بی این پی سردار اختر مینگل کو فون کیا ہے اور اس حوالے سے کابینہ کی کمیٹی تشکیل دے دی۔

ریکوڈک قانون سازی پر اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کیلئے وزیراعظم شہبازشریف خود متحرک ہو گئے ہیں اور انہوں نے اتحادیوں سے رابطے شروع کردیئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اس حوالے سے رابطہ کیا ہے اور سربراہ بی این پی سردار اختر مینگل کو بھی فون کیا۔شہباز شریف نے اتحادی رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور آپ کے تحفظات دور کریں گے،

اس حوالے سے کابینہ کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے قائم کردہ کابینہ کمیٹی کی بھی اتحادیوں سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔