اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رکن سندھ اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صدر آصف علی زرداری کی بہن ڈاکٹر فریال تالپور کی نااہلی کی درخواست مسترد کردی۔
الیکشن کمیشن نے فریال تالپورکواہل قراردے دیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے محفوظ فیصلہ سنادیا گیا۔فیصلہ ڈپٹی ڈائریکٹرلاء نے پڑھ کر سنایا۔الیکشن کمیشن نے27 اکتوبر کو دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ جوابدہ فریال تالپور نے اپنے اثاثے ظاہر کیے، نااہلی کے لیے مواد اور ٹھوس ثبوت دینا ہوتا ہے، درخواست گزار نااہلی کا کیس بنانے میں ناکام رہے۔پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کن سندھ اسمبلی ارسلان تاج اور رابعہ اظفر نے ڈاکٹر فریال تالپور کی نا اہلی درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کی تھی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ڈاکٹر فریال تالپور نے اپنے اثاثہ جات کی تفصیل الیکشن کمیشن سے چھپائی ہے اور حقائق کو چھپایا ہے لہذاانہیں نااہل قراردیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے فریال تالپورکی نااہلی کے لئے پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست مستردکردی۔
الیکشن کمیشن نے قراردیا ہے کہ درخواست گزار ڈاکٹر فریال تالپور کے خلاف ٹھوس شواہد پیش کرنے میںناکام رہے ہیں۔