اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اورسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی تباہی کے ذمہ دار عمران خان یا کسی اور کو ٹھہرانا ٹھیک نہیں، معاشی معاملات کو مینج کرنا پڑتاہے، مشکل فیصلے کرنے ہوں گے۔
ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمزور ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، ہمیں معیشت سمیت بہت چیلنجزکا سامنا ہے، تکنیکی طور پر پاکستان ڈیفالٹ نہیں ہے، معاشی معاملات کو مینج کرنا پڑتا ہے جس کیلئے مشکل فیصلے کرنے ہوں گے، ملکی معیشت کی تباہی کے ذمہ دار عمران خان یا کسی اور کو ٹھہرانا ٹھیک نہیں ہے۔ ملکی معیشت اگر کمزور ہے تو اس کے ذمہ دار سب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انصاف کے معیار کے مطابق عمران خان نااہل ہیں، راناثنااللہ کے خلاف بے بنیاد مقدمہ بنایا گیا،عدالت نے راناثنااللہ کو بری کردیا، کس نے کیا کیا اس کی کھوج لگانا چھوڑدیں ،ملکی معیشت پر توجہ دیں۔ ن لیگی رہنما نے سلیمان شہباز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سلیمان شہباز سیاست میں نہیں ہیں ان پر بھی نیب نے جھوٹا مقدمہ کیا تھا، سلیمان شہباز عمران خان کے دور میں برطانیہ گئے، گزشتہ حکومت کو معافی مانگنی چاہیے، تسلیم کرنا چاہیے کہ ان کو گمراہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی واپسی کی تاریخ کا فیصلہ وہ خود کریں گے، نوازشریف سیاسی طور پر پاکستان میں میدان سنبھال چکے ہیں،اسمبلیاں تحلیل ہوں گی تو الیکشن ہوں گے پنجاب میں ہم جیت جائیں گے،الیکشن کمیشن کا کام انتخابات کرانا ہے ، ان کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان کی اقتدار میں دوبارہ آنے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا 4 سالہ دور بدعنوانیوں سے عبارت ہے، اس دور کی خرابی چند دن میں ٹھیک نہیں ہوگی۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک سوشل میڈیا پر نہیں چلتے، اس کیلیے کام کرنا پڑتا ہے، پاکستان کو ترقیاتی منصوبے دینے میں مسلم لیگ ن کا کوئی ثانی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوامی مسائل کو حل کیا ہے اور ہر مشکل دور میں ملک کو سنبھالا۔شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ 31 دسمبر کو اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن کو کامیابی ملے گی۔