حناربانی کھرکی افغانستان میں پاکستان کی نمائندگی قابل فخرہے،مریم اورنگزیب

 اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے قیام پاکستان اور تعمیر پاکستان میں خواتین کی شرکت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح سے لے کر آج تک پاکستان کی آزادی، جمہوریت، سیاست، عوام اور ملک کی ترقی کے لئے خواتین کے کردار کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پارلیمان اور وزارتی عہدوں پر خواتین ، ایک خاتون ہونے کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنی قابلیت، محنت اور علمی لیاقت کی وجہ سے فائز ہیں۔

وزیرمملکت حنا ربانی کھر کا طالبان عبوری حکومت کے نمائندوں کے ساتھ بیٹھ کر مذاکرات کرنا پاکستان اور اس کی خواتین کے لئے بڑے فخر کی بات ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران رکن اسمبلی عبدالاکبر چترالی کے وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر کے بارے میں ریمارکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ حنا ربانی کھر میری کولیگ بھی ہیں۔ انہیں میں نے انتہائی تندہی، محنت اور قابلیت کے ساتھ سرکاری امور انجام دیتے ہوئے دیکھا ہے۔ اللہ تعالی نے انہیں عزت دی ہے۔ وہ خاتون ہونے کی وجہ سے اس منصب پر نہیں بلکہ اپنی تعلیم، قابلیت اور پیشہ ورانہ لیاقت کی وجہ سے آج اس منصب اور مقام پر ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ ان مثالوں اور شخصیات سے بھری ہوئی ہے۔ خواتین نے قیام پاکستان میں شاندار کردار ادا کیا، آزادی کے لئے عظیم قربانیاں دیں۔ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی مثال ہمارے سامنے ہے۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں۔

انہوں نے تاریخی سیاسی جدوجہد کی اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ مادر جمہوریت محترمہ بیگم کلثوم نے تاریخی سیاسی جدوجہد کی، ایک آمر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ حال ہی میں سینئر پارلیمینٹرین بیگم نجمہ حمید صاحبہ کا انتقال ہوا ہے۔ وہ میری خالہ تھیں۔ بیگم نجمہ حمید نے تمام عمر ملکی ترقی اور جمہوریت کے لئے ایک سیاستدان کے طور پر بھرپور سیاسی کردار ادا کیااور قربانیاں دیں جس پر مجھے فخر ہے۔

انہوں نے کہاکہ سپیکر قومی اسمبلی کے منصب پر ایک خاتون خدمات انجام دے چکی ہیں۔ یہ سب ہمارے سامنے مثالیں ہیں جن سے پاکستان کی خواتین کو پارلیمنٹ، جمہوریت، سیاست اور فیصلہ سازی کے عمل میں حصہ لینے اور ملک وقوم کی خدمت کرنے کا حوصلہ ملتا ہے۔ یہ پاکستان اور اس کی خواتین کے لئے باعث فخر ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ اس ایوان میں بیٹھے ہر شخص کو خواتین ارکان پارلیمان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے کیونکہ ملک کی پچاس فیصد خواتین آبادی کی نمائندگی کرتی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیر مملکت حنا ربانی کھر کا افغانستان میں پاکستان کی نمائندگی کرنا پورے پاکستان کے لئے باعث فخر ہے۔ گزشتہ ماہ میں خود اسلامی کانفرنس تنظیم (او۔آئی۔سی) کے وزرااطلاعات کی کانفرنس میں شرکت کے لئے گئی تھی۔ میں فخر کے ساتھ ایوان کو بتانا چاہتی ہوں کہ اس کانفرنس میں شریک 48 اسلامی ممالک میں سے میں واحد پاکستان کی خاتون وزیراطلاعات تھی۔ یہ پاکستان کے لئے اورہم سب کے لئے بڑے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کوئی اس ایوان میں خواتین کے خلاف بات کرے گا تو دنیا میں ہمارے ملک کے بارے میں کیا تاثر جائے گا۔

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاکہ جب افغانستان کو اس سلسلے میں کوئی مسئلہ نہیں تو پھر اس ایوان میں ایسی بات کیوں کی جارہی ہے۔ جس روز وزیرملکت حنا ربانی کھر کابل گئیں اور وہاں طالبان نمائندوں سے مذاکرات کررہی تھیں، تو ان کو دیکھ کر میں فرط جذبات میں آگئی ۔ یہ پاکستان کے لئے کتنے فخر کی بات ہے کہ اس کی خواتین اعلی ترین مناصب پر ملک وقوم کی نمائندگی کررہی ہیں، خدمت کررہی ہیں۔ اس پر پاکستان بھر کی خواتین کو مبارک پیش کرنی چاہئے۔