پاک انگلینڈ دوسرا ٹیسٹ، پاکستانی ٹیم کو فتح کیلئے157 رنز درکار،6 وکٹیں باقی


ملتان(صباح نیوز)دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 275 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی اور پاکستان کو 355 رنز کا ہدف ملا۔

ملتان میں جاری ٹیسٹ دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لئے 355 رنز کا ہدف دیا ہے۔ اور پاکستان ہدف کے تعاقب میں 4 وکٹیں گنوا چکا ہے، اور اس نے 198 رنز بنائے ہیں۔ ہیمسٹرنگ انجری کا شکار اوپنر امام الحق کی جگہ پاکستان نے وکٹ کیپر رضوان اور عبداللہ کی جوڑی کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا، دونوں نے محتاط طریقے سے اسکور کو بڑھایا، تاہم اوپنر محمد رضوان 30 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہوگئے، جب کہ کپتان بابر اعظم بھی صرف ایک رن پر روبنسن کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ عبدااللہ شفیق کا ساتھ دینے سعود شکیل آئے، اور دونوں نے کچھ مزاحمت کی، تاہم عبدااللہ شفیق بھی 45 رنز بنا کر مارک ووڈ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

عبداللہ شفیق کے بعد انجری کا شکار امام الحق آئے اور دونوں نے ذمہ درانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا، امام الحق نے اپنی نصف سینچری مکمل کی، اور وہ 60 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہوئے، جب کہ سعود شکیل نے بھی 54 رنز بنائے اور کریز پر موجود ہیں، جب کہ ان کا ساتھ دینے والے آل راونڈر فہیم اشرف بھی 3 رنز بناکر ناٹ آئوٹ ہیں۔ تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے اور اسے جیت کے لئے ابھی بھی 157 رنز درکار ہیں اور اس کی 6 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

اس سے قبل انگلینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 275 رنز بناسکی، پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے مایہ ناز اسپنر ابرار احمد نے دوسری اننگز میں بھی انگلینڈ کے بلے بازوں کو چکرا کر رکھ دیا اور4 وکٹیں اپنے نام کیں۔ پاکستانی اسپنر ابراراحمد نے پہلی اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کی تھیں اور انہوں نے اپنے ڈیبیو میچ پر11وکٹیں لے کر پاکستانی بالر محمد زاہد کا ریکارڈ برابرکردیا۔ محمد زاہد نے 1996 میں نیوزی لینڈ کیخلاف11 شکار کئے تھے۔ انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک نے 108 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جب کہ بین ڈکٹ 79 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انگلینڈ کے بین اسٹوکس نے 41 رنز جب کہ جوروٹ 21 رنزبنا کرآئوٹ ہوئے۔