میرے خلاف منشیات برآمدگی کا جھوٹا کیس عمران کے دباؤ پر بنا،رانا ثناء اللہ


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ ان کے خلاف منشیات برآمدگی کا جھوٹا کیس بنانے کے لئے دبائو سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق مشیر احتساب بیرسٹر مرزاشہزاد اکبر نے ڈالا۔ عمران خان اور شہزاد اکبر نے ان کے خلاف سارے معاملہ کو مینج کیا تھا اوراس بات کے تو اب ہمارے پاس گواہان موجود ہیں۔ پہلے شہزاد اکبر نے میرے پارلیمنٹ لاج میں ہیروئن کا تھیلا رکھوانے کی کوشش کی ، جب وہاںکامیابی نہ ہوئی اور اسلام آباد پولیس کے اس وقت کے آئی جی نے جب یہ بات تسلیم نہ کی تو اس کے بعد اے این ایف کا کندھا استعمال کیا گیا۔ میرے خلاف جھوٹے کیس کو بنانے میں عمران خان بذات خود ذاتی طور پر ملوث ہے۔ وطن واپسی کی تاریخ کا فیصلہ میاں محمد نواز شریف خود کریں گے لیکن وہ آئندہ الیکشن سے قبل واپس آکر اپنی پارٹی اور قوم کو لیڈکریں گے۔اگر عمران خان اسمبلیاں توڑیں گے تو ہم الیکشن لڑنے کے لئے تیار ہیں۔

ان خیالات کااظہار رانا ثناء اللہ خان نے ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔

رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ جن لوگوں نے میرے خلاف مقدمہ بنایا تھا وہ توکوئی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہے اور کوئی انسپکٹر ہے ، ان غریبوں کے خلا ف میں نے کیا کارروائی کرنی ہے، ان لوگوں نے عدالت میں صحیح بات کی ہے اور غلط گواہی نہیں دی،ان لوگوں کے خلاف تو کوئی کارروائی نہیں ہونی چاہیے باقی جن لوگوں نے سیاسی انتقام کا حصہ بنتے ہوئے یہ حرکتیں کی ہیں ،اللہ تعالیٰ ان کے اوپر لعنتیں برسا رہا ہے اور ہرروز ان کے اوپر کوئی نہ کوئی لعنت برستی ہے اور یہ پوری قوم کے سامنے ثابت ہوتا ہے کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے جھوٹے مقدمے بنائے اورعدالتیں ان مقدمات میں بری کررہی ہیں اورانصاف فراہم کررہی ہیں۔

رانا ثناء اللہ خان کا کہنا تھا کہ میاں محمد نوازشریف سمیت دیگر (ن)لیگی رہنمائوں کے خلاف بھی جو جھوٹے مقدمات بنائے گئے ہیں ان کا یہی انجام ہونا ہے اور یہی انجام ہونا چاہیے اور کسی کوبھی غلط طور پر پراسیکیوٹ کرنا بہت بڑی زیادتی ہے۔ مخالفین کے لئے یہی پیغام ہے کہ جھوٹ اور انتقام کبھی بھی کامیاب نہیں ہوسکتا، کامیابی حق اورسچ کی ہوتی ہے۔