طلبا کو نصابی کتب سے محروم رکھنا صوبائی حکومت کی بدترین ناکامی ہے، پروفیسر محمد ابرہیم خان

پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابرہیم خان نے کہا ہے کہ تعلیمی سال ختم ہونے کو ہے لیکن ابھی تک طلبا کو کتابیں نہیں مل سکیں، یہ صورتحال افسوسناک ہے۔ طلبا کو نصابی کتب سے محروم رکھنا صوبائی حکومت کی بدترین ناکامی ہے۔ سراج الحق نے اپنی وزارت کے دوران سکولوں کے طلبا کو مفت کتب فراہمی کا سلسلہ شروع کیا تھا، موجودہ حکومت اس میں بھی ناکام نظر آ رہی ہے۔ اساتذہ اپنے اپنے دائرہ کار میں دعوت دین کی ذمہ داری نبھائیں۔ آپ قوم کے معمار اور قوم کا مستقبل آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ پاکستان کا آئین اسلامی نظام کے قیام میں معاون ہے لیکن حکمران اس راستے کی سب سے بڑی رکاٹ ہیں۔ اساتذہ بچوں کو قیام پاکستان کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کریں اور انہیں اسلام اور پاکستان سے محبت کا درس دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں تنظیم اساتذہ خیبرپختونخوا کے صوبائی انتظامیہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تنظیم اساتذہ کے صوبائی صدر ڈاکٹر ناصر خان اور دیگر ذمہ داران بھی شریک تھے۔ پروفیسر محمد ابرہیم خان نے مزید کہا کہ حکومت نا ایک تعلیمی نظام اور نصاب دے سکی اور نا ہی نصابی کتب دے سکی۔ اگر بچوں کو کتابیں نہ ملیں تو وہ امتحانات کیسے دیں گے۔ حکومت فی الفور کتابوں کی فراہمی یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ استاد کی حیثیت سے آپ انتہائی حساس مقام پر ہیں۔ آئین کی دفعہ 62 ہمارے حکمرانوں کے اوصاف کا تعین کرتی ہے۔ اساتذہ اپنے طلبا کو آئین کی ان دفعات سے لازما آگاہ کریں۔ یہی بچے مستقبل میں مختلف عہدوں پر فائز ہوں گے اور پاکستان کی قیادت کریں گے۔۔