حافظ حسین احمد دوبارہ جے یو آئی( ف) میں شامل


کوئٹہ (صباح نیوز)حافظ حسین احمد نے دوبارہ جمعیت علمائے اسلام(جے یو آئی) ف میں شامل ہو گئے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کوئٹہ میں حافظ حسین احمد نے مولانا فضل الرحمن سے ملاقات ہوئی  جس میں دونوں رہنمائوں نے ایک دوسرے کے گلے شکوے دور کئے  اور ایک بار پھر متحد ہوکر اپنی جماعت کا کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔  حافظ حسین احمد نے پارٹی میں بلامشروط شمولیت اختیار کی ہے۔

واضح رہے کہ حافظ حسین احمد کو دوسال قبل پارٹی پالیسی سے انحراف پر پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔

ایک انٹرویو میں حافظ حسین احمد نے جے یو آئی سے اپنے سمیت سینئر رہنما ئوں کے اخراج کے فیصلے کو ڈکٹیٹرشپ سے تعبیر کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ جے یو آئی کے بانی رہنمائوں کی رکنیت ڈکٹیٹرشپ سے ختم کی گئی ہے۔حافظ حسین احمد نے کہا تھا کہ جمہوریت کے دعویدار اپنی جماعتوں میں جمہوریت برداشت نہیں کرتے ہیں، جہاں کسی لیڈر کی شان کے خلاف بات کی جائے اس کی رکنیت ختم کردی جاتی ہے۔