موسم سرما میں سیلاب متاثرین کو چھت فراہم کرنا بہت بڑا چیلنج ہے، مخیر حضرات اس کام میں حکومت کا ساتھ دیں،وزیراعظم

اسلام آباد(صبا ح نیوز)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ موسم سرما میں سیلاب متاثرہ بے گھر افرادکو چھت فراہم کرنا بہت بڑا چیلنج ہے، مخیر حضرات بڑھ چڑھ کر اس کام میں حکومت کا ساتھ دیں۔

اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سیلاب متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو تا جا رہاہے اور رواں موسم سرما میں بے گھر افراد کو چھت فراہم کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔وزیراعظم نے مینزیز ایوی ایشن گروپ اور سپارز گروپ کی طرف سے ٹانک میں متاثرین کے لئے 100 گھروں کے عطیے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کو رواں موسم سرما میں چھت کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے۔

وزیراعظم نے ملک کے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس کام میں بڑھ چڑھ کر حکومت کی مدد کریں، ہمیں اس مشکل وقت میں اپنے بہن بھائیوں ، بچوں اور بزرگوں کو قطعا اکیلا نہیں چھوڑنا چاہیئے ۔